نئی دہلی، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجس میں داخلہ کے لئے نینشل یلیجبلیٹی کم انٹرنس ٹسٹ (NEET) میں آج بہار کی لڑکی کلپنا کماری نے ٹاپ رینک حاصل کیا جبکہ اس ٹسٹ میں زیادہ سے زیادہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تعلق اترپردیش سے ہے۔ کماری نے 99.99 فیصد 691 نشانات حاصل کئے۔ تلنگانہ کے روہن پروہیت اور دہلی کے ہمنشو شرما کو 690 نشانات کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرا مقام حاصل ہوا۔ تیسرا مقام دہلی کے آروش دھمیجا اور راجستھان کے پرنس چودھری کو حاصل ہوا۔ ان دونوں نے 686 نشانات حاصل کئے۔ اس امتحان کے لئے جملہ 13.36 لاکھ امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا تھا جو سال گزشتہ کے مقابل 16.49 فیصد اضافہ ہے تاہم 12.69 لاکھ امیدواروں نے اس میں شرکت کی جن میں 7.14 لاکھ کوالیفائی ہوئے ہیں۔ اترپردیش کے 76,778 امیدواروں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ جبکہ کیرالا سے 72000 اور مہاراشٹرا کے 70,000 امیدواروں نے اس ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی۔ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی جانب سے یہ ٹسٹ 6 مئی کو 136 شہروں میں 11 زبانوں میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے نتائج بورڈ کے ویب سائٹ www.cbseresults.nic.in پر پیش کئے گئے ہیں۔