نیوی ممبئی ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک چرچ پر حملہ کے 3 دن بعد پولیس نے آج یہ ادعا کیا ہے کہ 4 افراد کو گرفتار کر کے اس معمہ کو حل کرلیا گیا ہے ۔ نیوی ممبئی پولیس کمشنر کے ایل پرساد نے آج بتایا کہ سینٹ جارج کیتھولک چرچ پر حملہ کے سلسلہ میں 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ۔ اپوزیشن کی تنقیدوں کے پیش نظر چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے کل مجرمین کا پتہ چلانے کے لیے پولیس کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی تھی ۔ اس واقعہ کے خلاف اپوزیشن نے کل اسمبلی سے واک آوٹ بھی کیا تھا ۔ جب کہ پولیس نے ملزمین کی گرفتاری کے لیے اطلاع دینے پر 10 ہزار روپئے انعام دینے کا اعلان کیا تھا ۔ کھندیشور پولیس کے بموجب 2 نقاب پوش افراد نے ہفتہ کی شب 1-30 بجے حملہ کیا تھا اور جنہوں نے سینٹ جارج کیتھولک چرچ پر سنگباری کردی تھی ۔ اس واقعہ پر مجسمہ سینٹ جارج کے حفاظتی گلاس کو نقصان پہنچا تھا ۔ موٹر سیکل پر جملہ 3 افراد سوار تھے اور حملہ آور گاڑی کی عقبی نشست پر تھے ۔ یہ چرچ سال 2007 میں تعمیر کیا گیا تھا جس میں بیک وقت 800 افراد شریک ہوسکتے ہیں ۔۔