نیویارک کے تمام پبلک اسکولس میں عیدالاضحی کی تعطیل

نیویارک 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک میں مساوات کے لئے جاری تحریک نے اُس وقت کامیابی حاصل کی جب امریکہ کے سب سے بڑے اسکول تصور کئے جانے والے تعلیمی ادارہ میں عیدالاضحی کے موقع پر پہلی بار تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جہاں 1.1 ملین طلباء زیرتعلیم ہیں۔ 2001 ء میں 9/11 کے حملوں کے بعد اس نوعیت کی تحریک پر کامیابی حاصل کرنا یقینا کسی کارنامہ سے کم نہیں کیوں کہ امریکی مسلمانوں کو بھی یہ شکایت مسلسل رہی کہ 9/11 کے بعد نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا میں اسلام سے خوفزدہ ہونے کا عمل شروع ہوگیا تھا اور اس اسلاموفوبیا کے تحت مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا تھا۔ نیویارک کے 1800 پبلک اسکولس مسلمانوں کے لئے سنت ابراہیمی کے ذریعہ قربانی ادا کرنے والے تہوار عیدالاضحی کے موقع پر بند رہیں گے جبکہ یہودیوں کے تہوار یوم کپور کے موقع پر بھی اسکولس کو ایک دن کی تعطیل رہے گی جو ایک روز پہلے منایا جارہا ہے۔ میئر ریل ڈی بلاسیو نے اس پالیسی کا اعلان جاریہ سال مارچ میں ہی کردیا تھا جس کے تحت نیویارک کے تمام پبلک اسکولس کو مسلمانوں کی دو عیدوں عیدالفطر جو رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جاتی ہے اور عیدالاضحی کے موقع پر تعطیلات رہیں گی۔ علاوہ ازیں تمام عیسائی اور یہودی تہواروں پر بھی اسکولس بند رہیں گے۔ اس اعلان کے بعد مختلف جہدکاروں اور سماجی خدمات سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے ذریعہ اسلام کو بھی قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے جو ایک اچھا عمل ہے اور اسلاموفوبیا سے نمٹنے میں بھی آسانی ہوگی۔ اسکول کے تعطیلات کیلنڈر میں دونوں عیدوں کی شمولیت مساوات کا مطالبہ کرنے والے مسلمانوں کی کامیابی کے مترادف ہے۔