نیویارک ، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) معروف امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے اداریے میں بی جے پی کی غیر واضح پالیسیوں پر کڑی تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے پاکستان کے خلاف قرار دیا ہے جس سے چین کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے یہ تاثر ظاہر کیا ہے کہ نریندر مودی کی جیت کی صورت میں بی جے پی کی متوقع حکومت ہندوستانی نیوکلیر نظریہ پر نظرثانی کرتے ہوئے سابقہ پالیسی کو ترک کر سکتی ہے، جس میں یہ طے کیا گیا ہے کہ ہندوستان جنگ کی صورت میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے میں پہل نہیں کرے گا۔
اخبار نے خطے میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں پہل کا ذمہ دار بھی ہندوستان کو قرار دیا جس نے 1998ء میں ایٹمی تجربہ کر کے خطے میں کشیدگی پیدا کی تھی۔ اخبار کے مطابق مودی یا ان کے کسی اتحادی نے ایٹمی پالیسی کے بارے میں ابھی تک واضح نہیں کیا کہ اُن کی سوچ کیا ہے، ایسی پالیسی پر پہلے سے ہی مسائل سے دوچار خطہ مزید تباہی کا شکار بن سکتا ہے۔ اخبار نے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایٹمی پالیسی کے بارے میں فوری طور پر وضاحت کریں کہ وہ ان ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہیں کریں گے۔ اخبار نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے خدشہ طاہر کیا ہے کہ اس دیرینہ مسئلہ سے پاک ۔افغان سرحد پر موجود عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اخبار نے ہندوستانی پارٹیوں کو مشورہ دیا ہے کہ کسی کی بھی کامیابی سے قطع نظر وہ پاکستان کے بارے میں اپنی پالیسی کو مثبت رخ دیتے ہوئے تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے کوشش کریں تا کہ اسلحہ کی دوڑ پر قابو پایا جاسکے۔