نیویارک۔ 27؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ٹائمس اسکوائر نیویارک میں ایک خاتون سیاح کو مشورہ دینے اور بعد ازاں ایک پولیس عہدیدار کے چہرے پر گھونسا مارنے کے الزام میں ایک 25 سالہ شخص کو جو اسپائیڈرمین کے لباس میں ملبوس تھا، گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس عہدیدار اپنی چوکی پر فرائض انجام دے رہا تھا جب کہ اس نے ایک شخص کو جس کا نام جونیئر بشپ بتایا گیا ہے، اسپائیڈرمین کے لباس میں ملبوس دیکھا۔ وہ ایک خاتون اور مرد سیاح کی تصویریں لے رہا تھا۔ خاتون نے بشپ کو ایک ڈالر بخشش دی، لیکن مبینہ طور پر اس نے لینے سے انکار کردیا۔ پولیس نے کہا کہ بعد ازاں اس نے خاتون سے 5، 10 یا 20 امریکی ڈالر دینے کا مطالبہ کیا۔ اس بات چیت کو سن کر پولیس عہدیدار نے خاتون سے کہا کہ وہ جتنا چاہیں، عطیہ دے سکتی ہیں، لیکن بشپ نے پولیس عہدیدار سے کہا کہ وہ اپنا کام کرے اور غیر ضروری دخل اندازی نہ کرے۔ اس پر پولیس عہدیدار نے اس کا نام دریافت کیا، لیکن اس نے پولیس عہدیدار کو گھونسا مارا۔ چنانچہ اسے گرفتار کرلیا گیا۔ ایک اور پولیس عہدیدار وہاں پہنچ گیا اور اس نے اس شخص کی شناخت کرلی۔