نیویارک میں فاسٹ فوڈ ورکرس کا احتجاجی مظاہرہ

نیویارک 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک میں آج ہزاروں افراد نے بشمول فاسٹ فوڈ ورکرس نے 15 امریکی ڈالرس فی گھنٹہ اُجرت کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست احتجاج منظم کیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہر ورکر کو 15 ڈالرس فی گھنٹہ کی مطابقت سے اُجرت ادا کی جائے تاکہ امریکہ کے سب سے بڑے شہر تصور کئے جانے والے نیویارک میں غربت کا خاتمہ کیا جاسکے۔ نیویارک میں بھی ایسے ہزاروں افراد ہیں جو غربت کا شکار ہیں۔ فاسٹ فوڈ ورکرس نے زائداز 230 امریکی شہروں میں احتجاج منظم کیا جن میں ایرفورس، تعمیراتی اور چائیلڈ کیئر اسٹاف بھی شامل ہوگیا اور ساتھ ہی ساتھ تعلیمی اداروں سے وابستہ فاسٹ فوڈ ورکرس نے بھی اظہار یگانگت کیا۔

ایران نیوکلیئر مذاکرات کے نئے مرحلہ کا 22اپریل سے آغاز
برسلز۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی بڑی طاقتوں اور ایران کے درمیان نیوکلیئر مذاکرات کے نئے مرحلہ کا جنیوا میں 22 اور 23 اپریل کو آغاز ہوگا۔ یوروپی یونین نے آج اعلان کیا کہ تہران کے نیوکلیئر پروگرام پر معاہدہ کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ دونوں فریقین ایران نیوکلیئر مسئلہ کا جامع حل تلاش کرنے کیلئے مسلسل کام کررہے ہیں۔ 2 اپریل کو سوئٹزرلینڈ میں ایران کے ساتھ مفاہمت پر پیشرفت ہوئی تھی۔