نیویارک میں ایک ہی نشست کیلئے

دو ہندوستانی نژاد امریکی امیدوار
نیویارک ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ دو ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے نیویارک میں امریکی ایوان نمائندگان کیلئے ایک کانگریشنل نشست کیلئے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عمروید اور موہن رادھا کرشنن نے ماہ نومبر میں منعقد شدنی وسط مدتی عام انتخابات کی نامزدگی حاصل کرنے ڈیموکریٹک پرائمری میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعہ ری پبلکن کانگریس مین ڈان ڈوناون کو نیویارک کے گیارہویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ میں شکست فاش دینا چاہتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ نیویارک یوں تو ڈیموکریٹک پارٹی کا حامی شہر تصور کیا جاتا ہے تاہم گذشتہ کچھ عرصہ سے گیارہواں کانگریشنل ڈسٹرکٹ ری پبلکن کا بھی مضبوط گڑھ بنتا جارہا ہے جہاں سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 2016ء میں نشست جیتی تھی۔ تاہم عمروید اور موہن دونوں ہی اس بار ڈوٹاؤن کو شکست دینا چاہتے ہیں لیکن ایسا اسی وقت ہوسکتا ہے جب وہ ڈیموکریٹک پارٹی پرائمری جیت جائیں جس کیلئے ان دونوں کے علاوہ زائد از نصف درجن امیدوار میدان میں ہیں۔