نیویارک سٹی پولیس کے دو اہلکار فائرنگ میں زخمی

نیویارک ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک سٹی پولیس کے دو اہلکاروں کو جنہوں نے برانکس میں سرقہ کی ایک واردات پر فوری کارروائی کی تھی۔ ان پر فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا گیا۔ حکام نے دریں اثناء بتایا کہ کم از کم دو حملہ آور ہوسکتے ہیں جنہوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور ان کی تلاش جاری ہے۔ اسی دوران زخمی اہلکاروں کو برانکس ہاسپٹل لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ ایک پولیس آفیسر کے بازو میں گولی لگی ہے جبکہ دوسرے آفیسر کی پیٹھ میں گولی نے سوراخ کردیا ہے۔ دوسری طرف عوامی امور یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر ڈپٹی چیف کم روئسٹر نے بتایا کہ پولیس اہلکار دراصل سارقوں کا نشانہ نہیں تھے جیسا کہ دو ہفتہ قبل بروکلین میں دو پولیس افسران کو ان کی گشتی کار میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ موجودہ واقعہ میں پولیس اہلکار اتفاق سے وہاں پہنچ گئے تھے۔ روئسٹر نے مزید کہا کہ جائے واردات سے ایک ہتھیار بھی دستیاب ہوا ہے لیکن اس کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جاسکتا ہیکہ وہ سارقوں کا ہے یا کسی اور کا ہے۔ بہرحال، اس واقعہ کی مزید تحقیقات کے بعد ہی تمام حقائق کا انکشاف ہوجائے گا۔