نئی دہلی۔/26جنوری( سیاست ڈاٹ کام) جاپان نے آج کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ سیول نیوکلیر معاہدہ پر اختلافات کم ہورہے ہیں اور دونوں ممالک علاقائی موضوعات جیسے چین کے بڑھتے فوجی اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ قومی سلامتی مشیر کی سطح پر مذاکرات کے ذریعہ ایک نئے میکانزم کے امکانات بھی تلاش کئے جائیں گے۔ ہندوستان کی جانب سے جاپان کو مدعو کئے جانے کے دوسرے دن جاپان کابینی سکریٹریٹ میں کونسلر توموہیکو تانی گوچی نے کہا کہ وزیر اعظم شینزو ابے نے ہندوستان کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیو کلیر توانائی کے پُرامن اغراض کیلئے استعمال کے شعبہ میں باہمی تعاون کے معاہدے پر مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے۔ جاپان کی وزارت اُمور خارجہ میں پریس سکریٹری کیونی ساٹو نے کہا کہ سیول نیوکلیر معاملت پر اختلافات میں کمی آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ اور وزیر اعظم جاپان نے مذاکرات کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم جاپان شینزو ابے کا یہ احساس ہے کہ ہندوستان نیوکلیر عدم پھیلاؤ کا کافی اچھا ریکارڈ رکھتا ہے۔ جاپان نے ہندوستان کے ساتھ بہتر روابط کے سلسلہ میں عوام کے مابین تعلقات کی حوصلہ افزائی کا بھی اعلان کیا ہے چنانچہ ہندوستانی سیاحوں کو ملٹیپل انٹری تین سال کا ویزا دیا جارہا ہے۔ اس سے پہلے صرف سنگل انٹری ویزا جاری کیا جاتا تھا۔ یہ نمایاں پیشرفت اس وقت ہوئی جبکہ وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ شینزو ابے کی باہمی علاقائی اور عالمی مسائل پر وسیع تر بات چیت ہوئی۔
نئی دہلی میں سرد ترین یوم جمہوریہ
نئی دہلی۔/26جنوری( سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں گذشتہ دس سال کے دوران آج پہلا سرد ترین یوم جمہوریہ رہا جہاں اقل ترین درجہ حرارت 9.9ڈگری سیلسیس تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہا۔ راج پتھ علاقہ میں کہر کے باوجود فضائیہ کے طیاروں نے بلاکسی رکاوٹ کے اُڑان بھری۔