بالاسور ( اوڈیشہ ) 26 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج اپنے اندرون ملک تیار کردہ نیوکلئیر صلاحیت کے حامل پرتھوی ii میزائیل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ یہ میزائیل چاندی پور میں انٹی گریٹیڈ ٹسٹ رینج میں کامپلکس 3 سے ایک موبائیل لانچر کے ذریعہ ہوا میں داغا گیا ۔ یہ تجربہ دوپہر 12.10 بجے کیا گیا ۔ محکمہ دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میزائیل کے ٹرائیل ڈاٹا کے مثبت نتائج دستیاب ہوئے ہیں۔ یہ تجربہ اسٹریٹیجک فورس کمان کی جانب سے کیا گیا ۔ زمین سے زمین پر وار کرنے کی صلاحیت کے حامل میزائیل پرتھوی دوم 500 تا 1,000 کیلوگرام وارہیڈس کے ساتھ ضرب لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں دو انجن نصب کئے گئے ہیں۔ اس میزائیل کیلئے انتہائی عصری گائیڈنس نظام استعمال کیا گیا ہے جو اپنے نشانہ پر ضرب لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ہندوستان کی مسلح افواج میں پرتھوی دوم کو 2003 میں شامل کیا گیا تھا ۔ یہ پہلا میزائیل تھا جسے ڈی آر ڈی او نے تیار کیا تھا ۔ پرتھوی دوم کی آخری تجرباتی پرواز کا 19 فبروری 2015 کواسی ٹسٹ رینج سے اہتمام کیا گیا تھا ۔