نیوکلیئر معاہدہ سے دستبردار ہونے ایران کی دھمکی

تہران۔24 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقجی کا کہنا ہے کہ اگر ایران کو جوہری معاہدے کے مقابل اقتصادی خصوصیات حاصل نہ ہوئیں اور بڑے بینکوں نے تہران کے ساتھ معاملات سے گریز کا سلسلہ جاری رکھا تو اُن کا ملک 2015 ء میں دستخط شدہ جوہری معاہدے سے دستبردار ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر یہی پالیسی جاری رہی تو ہم ایسے معاہدے کو باقی نہیں رکھ سکتے جس سے ہمیں کوئی فائدہ نہ پہنچے۔جولائی 2015 ء میں ایران اور6 بڑی طاقتوں برطانیہ ، چین ، فرانس ، جرمنی ، روس اور امریکہ کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ایران کو پابند بنایا گیا کہ وہ اقتصادی پابندیوں کو اٹھائے جانے کے مقابل اپنے جوہری پروگرام میں کمی کرے گا۔دریں اثناء اقوام متحدہ کا جوہری توانائی ادارے نے کہا کہ وہ اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ 2015 ء کے بین الاقوامی معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایران اپنے جوہری پروگرام کو محدود کر رہا ہے جس کا مقصد نیوکلیئر ہتھیار تشکیل دینے کے کام کو ترک کرنا ہے۔

ٌٹرمپ کے تشہیری معاون گیٹس قصوروار قرار
واشنگٹن۔24 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ایک عدالت نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے 2016ء کے صدارتی انتخابات میں ذیلی انتظامی افسر رنک گیٹس کو ملک کے خلاف سازش رچنے ، تفتیش کاروں سے جھوٹ بولنے اور الیکشن میں روس کے کردار میں تعاون کرنے کا مجرم قرار دیا ہے ۔گیٹس کے خلاف تفتیش کی خصوصی وکیل روبرٹ مولر نے کہا کہ وہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کی جانچ کررہے ہیں۔ساز ش رچنے اور پیسہ لاونڈرنگ کے سنگین الزامات کیلئے گیٹس کو چھ برس تک کی سزا دی جاسکتی ہے ۔ مولر تفتیش میں تعاون کی بنیاد پر جج سے سزا کم کرنے کی درخواست کریں گے ۔