سمجھوتہ کیلئے پیشرفت کی توقع : برطانوی وزیر خارجہ
لگسمبرگ ۔22جون ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نیوکلیئر پروگرام پر جاری مذاکرات میں مزید لچکدار رویہ اختیار کرے کیونکہ کئی برسوں سے مغرب کے ساتھ جاری تھکا دینے والے مذاکرات کے بعد اواخر جون تک سمجھوتہ طئے کرنے کی مہلت مقرر کی گئی ہے ۔ برطانوی معتمد خارجہ فلپ ہیمنڈ نے کہا کہ ’’ اگر ہمیں سمجھوتہ پر پہنچنا ہی ہے تو ہمارے ایرانی رفقاء کی جانب سے مزید لچکداری کے مظاہرے کی ضرورت ہے ‘‘ ۔ ہیمنڈ نے مزید کہاکہ ’’ میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ ہفتہ کے دوران سنجیدہ مذاکرات جاری رہیں گے اور میں اس ضمن میں پیشرفت کی توقع کرتا ہوں ‘‘ ۔ فلپ ہیمنڈ لگسمبرگ میں یوروپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے ہیں جہاں ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظیرف سے بھی ان کی ملاقات ہوگی ۔ یوروپی یونین کے سفارتی ذرائع نے کہا ہے کہ جواد ظریف نے آج یہاں کئی زرائے خارجہ سے ملاقات کی جن میں فلپ ہیمنڈ کے علاوہ فرانس کے لاوراں فابیوس‘ جرمن فرینک والٹر اسٹین میئر اور یوروپی خارجی اُمور کی سربراہ فیڈریکا موگھیرینی بھی شامل ہیں ۔ فابیوس نے گذشتہ روز خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی سمجھوتہ سخت اور توثیق شدہ ہوگا تاکہ اس میں وعدہ خلافی کے انسداد کو یقینی بنایا جاسکے ۔پانچ عالمی طاقتیں ایران کے ساتھ نیوکلیئر سمجھوتہ کیلئے مذاکرات میں مصروف ہیں ۔