نیوکلیئر ماہرین نے نیویارک میں آئندہ ماہ ایران کی بات چیت

تہران۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے آج کہا کہ اس کے نیوکلیئر پروگرام پر سمجھوتہ کے لئے عالمی طاقتوں کے ساتھ آئندہ ماہ نیویارک میں فنی مذاکرات بحال ہوں گے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عرقچی نے سرکاری نشریاتی ادارہ سے کہا کہ اقوام متحدہ میں منعقد شدنی نیوکلیئر عدم پھیلاؤ سمجھوتہ پر جائزہ کانفرنس کے موقع پر 5 تا 9 مئی عالمی طاقتوں کے ساتھ تہران کے مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مرحلوں کی طرف آئندہ بھی حامد بعیدی نژاد ہی ایرانی وفد کی قیادت کریں گے۔ ایران اور نام نہاد 5+1 گروپ کے مابین 13 مئی کو ہونے والے مذاکرات سے چند دن قبل یہ بات چیت ہورہی ہے۔ امریکہ، برطانیہ، چین اور روس جیسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے علاوہ جرمنی کے نمائندے ایران سے بات چیت کریں گے اور قطعی سمجھوتہ مسودہ پیش کریں گے۔ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کی نیوکلیئر بات چیت پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں خلیجی ممالک نے محتاط ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے سمجھوتے پر ناراض ہیں۔