بلسور (اُڈیشہ )۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کامیابی سے اپنی نیوکلیئر دفاعی صلاحیت رکھنے والے بین البراعظمی میزائیل ’’اگنی ۔IV ‘‘ کی کامیابی آزمائشی پرواز کی۔ اس کا دائرہ کار تقریباً 1000 کلومیٹر ہے اور اسے اڈیشہ کے ساحل کے قریب آزمائشی رینج سے فضاء میں روانہ کیا گیا تھا۔ یہ اس میزائیل کی چوتھی آزمائش تھی۔ جاریہ سال 20 جنوری سے اسی مقام سے اس کی 4 آزمائشیں کی جاچکی ہیں اور تمام کامیاب رہیں۔ ایک موبائیل لانچر سے یہ مہین میزائیل فضاء میں روانہ کیا گیا۔ یہ تجربہ خاص طور پر قائم کی ہوئی دفاعی فورس کے کمانڈ سے کیا گیا۔ ڈائریکٹر پبلک انٹر فیس ڈی آر ڈی او روی کمار گپتا نے کہا کہ یہ زمین سے زمین پر وار کرنے والا میزائیل عصری اور جامع ہوا بازی کے آلات بشمول بورڈ کمپیوٹر اور تقسیم شدہ فن تعمیر سے آراستہ ہے۔ اس میں بالکل درست رہنمائی کرنے والی جدید ترین خصوصیات موجود ہیں۔ انتہائی درست لیزر نشانہ لگانے والا میزائیل انتہائی قابل اعتماد مائیکرو نیویگیشن سسٹم سے آراستہ ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ میزائیل کا وار بالکل درست نشانے پر ہوسکے۔