نیوکلیئر تنازعہ پر پانچ عالمی طاقتیں ایران سے بات چیت کیلئے پھر تیار

تہران ،4جولائی (یو این آئی)تہران اور ماسکو نے کہا ہے کہ ایران اور دیگر 5 ممالک کے وزراخارجہ آسٹریا میں تنازع کے شکار جوہری معاہدے 2015 کے حوالے سے ملاقات کریں گے ۔واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے اتحادی ممالک کی تجاویز اور مشوروں کو رد کرتے ہوئے 8 مئی کو ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدہ منسوخ کردیا تھا جو سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور حکومت میں 2015 میں دیگر عالمی طاقتوں بشمول برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی، روس اور امریکہ کے مابین طے پایا تھا۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں برس امریکہ کی جانب سے نیوکلیئر معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد یہ پہلی ملاقات ہو گی جس میں برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس کے سفیر آسٹریا کے شہر ونایا میں ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ایرانی نیوز ایجنسی آئی آر این اے کے مطابق ایران کو نیوکلیئر معاہدے کی پاسداری جاری رکھنے کیلئے یوروپی یونین کی جانب سے پیش کردہ ‘پیکج’ پر بات چیت ہوگی۔اس حوالہ سے بتایا گیا’ ‘امریکہ کی جانب سے غیرقانونی طریقے سے معاہدے سے دستبرداری کے بعد اجلاس میں نیوکلیئر ہتھیار سے متعلق ممکنہ حل کے امور زیر بحث آئیں گے ”۔