نیوکلیئر تعطل کے خاتمہ کیلئے مزید ایک چوٹی کانفرنس کا منصوبہ

جنوبی کوریا کے صدارتی قاصد کی کم جونگ ان سے ملاقات
سیئول۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج پیانگ یانگ میں پڑوسی ملک کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کی کیونکہ ترک نیوکلیئر اسلحہ مذاکرات میں پیدا شدہ تعطل ختم کرنے کیلئے سیول نے دونوں ملکوں کے سربراہان کی ایک نئی چوٹی کانفرنس کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے۔ جنوبی کوریا کے صدر مون جئے ان کے خصوصی قاصد چنگ ۔ ایوٹی ۔ یونگ نے جو اپنے ملک کے پانچ رکنی وفد کی قیادت کررہے ہیں، گذشتہ روز کہا تھا کہ جزیرہ نما کوریا کو نیوکلیئر اسلحہ سے مکمل طور پر پاک کرتے ہوئے پائیدار امن کے قیام کے مختلف راستوں اور امکانات پر گفت و شنید کریں گے۔ سیول میں صدارتی دفتر کے ایک ترجمان نے کہا کہ ان کے وفد نے ’’چیرمین کم جونگ ان سے ملاقات کی اور (مون کا) شخصی مکتوب حوالے کیا۔ نظریات کا تبادلہ کیا‘‘۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ قاصد آج رات سیول میں ڈنر کے بعد واپس ہوجائیں گے۔ تاہم دورہ کی مزید تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا۔