نیوزی لینڈ :ہیلی کاپٹر حادثہ، 7 ہلاک

ویلنگٹن۔21 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ میں ایک ہیلی کاپٹر کی تباہی کے نتیجے میں اس میں سوار تمام سات افراد مارے گئے ۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ دور دراز پہاڑی علاقے فوکس گلیشیئر کے نزدیک پیش آیا۔  امددی ٹیمیں جائے حادثہ تک رسائی میں کامیاب ہو گئی ہیں تاہم خراب موسم کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ہیلی کاپٹر میں چھ غیر ملکی سیاح سوار تھے تاہم حکومت نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کی جا چکی ہیں۔
فلسطینی لڑکے پر وحشیانہ تشدد کی سزا کمیونٹی سروس
واشنگٹن 21 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک فلسطینی نژاد امریکی نوعمر کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اسرائیلی پولیس اہلکار کو صرف کمیونٹی خدمات کی سزا دیئے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔اسرائیل کی عدالت نے نوعمر پر تشدد کے ذمے دار پولیس اہلکار کو قصور وار قرار دے کر 45روز تک کمیونٹی خدمت اور چار ماہ معطل جیل کی سزا سنائی تھی۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ اس پولیس اہلکار کو قید کی سزا ملنی چاہیے تھی۔فلسطینی نوعمر طارق ابو خدیر گذشتہ سال ٹمپا، فلوریڈا سے اپنے خاندان کے ہمراہ مقبوضہ بیت المقدس آیا تھا۔اس دوران اس کے 16 سالہ کزن کے اغوا کے بعد قتل پر احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔
اس لڑکے کو تین یہودیوں نے مقبوضہ بیت المقدس سے اغوا کرنے کے بعد بیدردی سے قتل کردیا تھا۔احتجاجی مظاہرے کے دوران دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں نے 15 سالہ طارق خدیر کو گھونسے اور ٹھڈے مارے تھے جس سے اس کا چہرہ سوج گیا تھا۔اس پر تشدد کی ویڈیو بھی منظرعام پر آئی تھی جس میں اسرائیلی پولیس اہلکاروں کو ٹھڈے اور مکے مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔