نیوزی لینڈ کی مسلم اسوسی ایشنس کے وفاق کے زیراہتمام عید ملن تقریب

آکلینڈ ۔ 20 جولائی (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ کی مسلم اسوسی ایشنس کے زیراہتمام آکلینڈ کے وسیع و عریض آڈیٹوریم میں 25 جولائی ہفتہ کو 6.30 بجے شام تا 8.30 بجے شب عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ وزیراعظم جان کی، ان کے کابینی وزراء اور تمام ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ تمام مذہبی رہنماؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ اسلام کے بارے میں پھیلی ہوئی عام غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جاسکے اور اسلام کا پیغام بلالحاظ مذہب و ملت تمام مذاہب کے پیروؤں تک پہنچایا جائے۔ یوں تو حکومت نیوزی لینڈ کے زیراہتمام ہر سال سرکاری طور پر عیدملن تقریب دارالحکومت ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے ایوان پارلیمنٹ میں منعقد کی جاتی ہے، لیکن یہ عموماً صرف مدعوئین خاص طور پر ارکان پارلیمنٹ تک محدود ہوتی ہے۔ چنانچہ اس سال نیوزی لینڈ کی مسلم اسوسی ایشنس کے وفاق نے وسیع تر پیمانہ پر اس تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔ ارکان پارلیمنٹ مسٹر پرمجیت، مہیش بندرا اور جناب بخشی نے عید ملن تقاریب کیلئے پیغامات روانہ کئے ہیں اور ان کی اس تقریب میں شرکت بھی متوقع ہے۔ امید ہیکہ عیدملن کی یہ تقریب ایک سالانہ روایت بن جائے گی جس سے دیگر مذاہب کے پیرو ابنائے وطن میں اسلام کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمی کا ازالہ ہوجائے گا۔ قبل ازیں ہفتہ 18 جولائی کو روایت ہلال علماء کونسل نیوزی لینڈ کے فیصلے کے بموجب پورے نیوزی لینڈ میں عیدالفطر پورے جوش و خروش اور خوشی اور مسرت کے جذبہ کے ساتھ منائی گئی۔ نماز عیدالفطر کے لئے نیوزی لینڈ کے تمام بڑے شہروں میں عوام کا کثیر اجتماع دیکھا گیا۔ غیرمذہب کے پیرو ابنائے وطن نے نیوزی لینڈ کے مسلم ہم وطنوں کو تہہ دل سے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور بغلگیر ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کے عوام نے مائندہ خصوصی ’’سیاست‘‘ حیدرآباد سید مجیب سے ربط پیدا کرکے ارباب و ارکان عملہ سیاست کو خاص طور پر اور حیدرآباد کے مسلم عوام تک عیدالفطر کی مبارکباد اور نیک خواہشات پہنچانے کیلئے کہا۔ اس سے نہ صرف ان کے جذبہ خیرسگالی کا اظہار ہے بلکہ غیرمذاہب میں اسلام کے بارے میں پھیلی ہوئی غلط فہمیوں کے ازالہ کی کوشش کی اہمیت بھی ظاہر ہوتی ہے۔