نیوزی لینڈ کی مساجد اور پلوامہ دہشت گرد واقعات کی مذمت

شہداء کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت ، نائب وزیراعظم سلطنت یسوتھومونیان مولیلکی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : نائب وزیراعظم سلطنت یسوتھو مونیان مولیلکی نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد اور پلوامہ دہشت گرد واقعات کی سخت مذمت کی اور شہدا کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سلطنت یسوتھو ہندوستان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کو خوبصورت شہر قرار دیا اس کے تاریخی ثقافتی ورثہ کو انمول تحفہ قرار دیا ۔ صدر انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن و آل انڈیا مینارٹیز فورم جابر پٹیل کی صدارت میں ہوٹل گولکنڈہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر چھوٹی صنعتیں سلطنت یسوتھو چھالین پھوری ، سفیر تسکون ، سابق ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست عامر علی خاں ، رکن قانون ساز کونسل ٹی آر ایس محمد فاروق حسین ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد متین مجتہدی ، کانگریس کے قائد جئے پال ریڈی ، عامر جاوید ، عتیق صدیقی ، دلاور پٹیل ، ابوپٹیل ، ڈاکٹر سلمان ، انوس عرفان اور رحیم پٹیل کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عہدیداروں نے شرکت کی ۔ نائب وزیراعظم سلطنت یسوتھو نے کہا کہ دہشت گردی کا کسی بھی ملک یا مذہب سے تعلق نہیں ہوتا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ساری دنیا کو متحد ہونا اور ساتھ ہی ایک دوسرے سے مکمل تعاون و اشتراک کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افریقی ممالک میں تین ممالک میں شاہی حکمرانی ہے ۔ جس میں سلطنت یسوتھو بھی شامل ہیں جس کے ہندوستان سے ہمیشہ بہتر روابط رہے ہیں ۔ ہندوستانی جمہوریت کو ساری دنیا میں عزت و احترام سے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے عام انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے آزادانہ و منصفانہ انتخابات منعقد ہونے کی توقع کا اظہار کیا ۔ مونیان مولیلکی نے نیلسن منڈیلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم امن کے حامی ہے اور تشدد کے خلاف ہے ۔ ہندوستان اور افریقہ نے آزادی کے لیے متحدہ جدوجہد کی اور کامیابی حاصل کی ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہند افریقی تعلقات بالخصوص سلطنت یسوتھو میں مزید خوشگوار تعلقات قائم ہو ۔ تعلیم ، تجارت ، ٹکنالوجی ، کلچرل میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں اور دونوں ممالک کے صنعتکار ایک دوسرے کے ممالک میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہند افریقی تعلقات کو مزید فروغ دیں ۔ سلطنت یسوتھو کے نائب وزیراعظم نے شہر حیدرآباد کو ایک خوبصورت ترقی یافتہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف جہاں تاریخی عمارتیں سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتی ہیں وہیں نئے شہر کی بلند عمارتیں اپنی ترقی کی مثال پیش کررہی ہیں ۔ حیدرآباد کے تاریخی ثقافتی ورثہ سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے ۔ جابر پٹیل نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن اور آل انڈیا مینارٹیز فورم کی کارکردگی اور اس کی تشکیل کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دہشت گردی کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔ جابر پٹیل نے کہا کہ سلطنت یسوتھو نے اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں ہندوستان کو مستقل رکنیت فراہم کرنے کی تائید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں تنظیموں کے زیر اہتمام سال بھر میں کئی پروگرامس کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں وزیراعظم ، نائب صدر جمہوریہ کے علاوہ کئی مرکزی وزراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے شرکت کی ہے ۔ آئندہ ماہ مئی دو روزہ کنونشن منعقد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔۔