نیوزی لینڈ کا آج اسکاٹ لینڈ سے مقابلہ

ڈونیڈن ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ کے خطاب کی دعویدار میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں باصلاحیت اسکاٹ لینڈ کے مقابلہ کیلئے تیار ہے۔ نیوزی لینڈ جس نے ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلہ میں سری لنکا کو باآسانی 98 رنز سے شکست دی ہے، وہ کپتان برنڈن مکالم کے شہر میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ 8 برسوں میں اسکاٹ لینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہ ورلڈ کپ کا پہلا مقابلہ ہوگا۔ آخری مرتبہ ان دونوں ٹیموں نے گذشتہ برس اکٹوبر میں اپنا مقابلہ کھیلا تھا جہاں اسکاٹ لینڈ حریف ٹیم کے خلاف ایک حیران کن کامیابی کے کافی قریب پہنچ چکی تھی۔ اس موقع پر اسکاٹ لینڈ کے کپتان پرسٹن مومسن نے کہا ہیکہ آج صبح ہم نے اس مقابلہ کے ویڈیوز دیکھے ہیں جیسا کہ اس مقابلہ میں آخری گیند پر کھلاڑی کے رن آوٹ ہونے کی وجہ سے ہم نیوزی لینڈ کو شکست دے نہیں پائے تھے۔ تاہم کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں کھلاڑی پرعزم ہیکہ اس قدم کو مزید آگے بڑھایا جائے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہیکہ آئرلینڈ نے پہلے ہی ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی ہے لہٰذا کسی بھی چھوٹی ٹیم کو آسان نہیں لیا جائے گا۔