نیوزی لینڈ میں پاکستانی نژاد خاتون اور دختر کا قتل

دوہرے قتل کیس میں شبہ پر گرفتار شوہر کی 4 جون تک عدالتی تحویل
آکلینڈ ، 20 مئی (سید مجیب کی رپورٹ) آکلینڈ میں پاکستانی نژاد خاتون 50 سالہ فرحت رعنا ملک اور ان کی دختر سدرہ ملک کے دوہرے قتل کی سنسنی خیز واردات پیش آئی۔ نامعلوم شخص نے ٹیلی فون پر ان کی قیام گاہ میں دو لاشوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ جب پولیس مقام واردات پر پہنچی تو اسے ماں اور بیٹی کی خون میں لت پت نعشیں دستیاب ہوئیں جنھیں چاقوزنی کے ذریعہ قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس قتل کا شوہر عشرت ملک پر شبہ کرتے ہوئے اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں اسے 4 جون تک عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔

لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردی گئی ہیں۔ مقدمہ کی تفتیش گریگ ایم کریمر کے سپرد کی گئی ہے۔ پڑوسیوں نے مقتولہ اور ان کی مقتول دختر کے اچھے رویہ کی ستائش کی۔ مبینہ طور پر گزشتہ 8 ماہ سے فرحت اور ان کے شوہر کے تعلقات کشیدہ تھے۔ مقتولہ ایک ممتاز سماجی کارکن تھیں اور کئی سماجی و فلاحی کارروائیوں میں سرگرم تھیں۔ وہ اردو۔ ہندی کلچرل اسوسی ایشن نیوزی لینڈ کے مشاورتی بورڈ میں بھی شامل تھیں اور اردو تہذیب کے تشخص کی برقراری میں نمایاں کارنامے انجام دے چکی تھیں۔ وہ معیاری ادیب و شاعر بھی تھیں اور 24 مئی کو اردو۔ ہندی کلچرل اسوسی ایشن کے سالانہ مشاعرہ کے میزبان شعراء میں شامل تھیں۔ 18 مئی کو انھوں نے مشاعرہ کے پروگرام کو قطعیت دینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں اپنے شوہر کے ساتھ شرکت کی تھی۔