نیوزی لینڈ میں عیدالفطر ، عیدملاپ تقریب اور رسم اجراء

آکلینڈ۔ 28 جولائی (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار رویت ہلال اور عیدالفطر کے انعقاد کے بارے میں غیرمعمولی تاخیر کی وجہ سے الجھن پیدا ہوگئی، کیونکہ عیدالفطر نیوزی لینڈ میں تعطیل کا دن نہیں ہے اور آج پیر ہونے کی بناء پر کام کا دن ہے۔نیوزی لینڈ میں سحر کے وقت پتہ چلا کہ صبح عیدالفطر ہے، چنانچہ مسلم فاؤنڈیشن آف نیوزی لینڈ نے اعلان کیا کہ نمازِ عیدالفطر ایک بجے دن جامع مسجد آکلینڈ میں ادا کی جائے گی جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ، ہندی۔ اُردو کلچرل اسوسی ایشن کے زیراہتمام آکلینڈ میں 3 اگست کو عید ملاپ مقرر ہے ،جس میں اسوسی ایشن کے سرپرست پاکستان کے پروفیسر رئیس علوی کے ایک ترجمہ کا رسم اجراء رکن پارلیمنٹ نیوزی لینڈ کنول جیت سنگھ بخشی انجام دیں گے۔ یہ تقریب شام 6 تا 8 بجے شب منعقد کی جائے گی جس میں پروفیسر رئیس علوی کے داماد عرفان مرزا نے ڈنر اور مشاعرہ کا اہتمام کیا ہے۔ پروگرام کے کنوینر نمائندہ سیاست برائے نیوزی لینڈ سید مجیب انجام دیں گے۔ رسم اجراء کے بعد مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔