ویلنگٹن 24 اپریل (سید مجیب کی رپورٹ) نیوزی لینڈ میں گذشتہ چار دنوں کے دوران دوسری بار زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی شدت 5.9 بتائی گئی ہے ۔ حالانکہ زلزلہ کے جھٹکے نے عوام میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ ادی لیکن کوئی جانی ‘مالی نقصان نہیں ہوا ۔ جھٹکا مقامی وقت کے مطابق 3.36 بجے سہ پہر کو محسوس کیا گیا جس کا مبدا یہاں سے 66 کیلو میٹر دور جزیرہ مستقر کائیکورا میں تھا۔ کائیکورا کے ڈسٹرکٹ کونسل چیف ایگزیکٹیو اسٹیوارٹ گرانٹ نے نیوزی لینڈ ٹی وی کو بتایا کہ زلزلہ کے دو جھٹکے معمولی وقفوں کے دوران محسوس کئے گئے جس میں دوسرا جھٹکا خطرناک تھا ۔ زلزلہ کے وقت متعدد دوکانات میں لوگ خریداری میں مصروف تھے تاہم زلزلہ کی وجہ سے الماریوں میں رکھی ہوئی اشیاء یکے بعد دیگرے گرنے لگیں اور خریداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم انہیں جلد ہی احساس ہوگیا کہ زلزلہ معمولی نوعیت کا ہے ۔