نیوزی لینڈ میں آج نماز جمعہ میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع

تدفین کا سلسلہ جاری، مساجد کی صاف صفائی

کرائسٹ چرچ ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی پولیس نے جمعرات کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ جمعہ دو مساجد پر کئے گئے دہشت گرد حملے میں جو 50 مسلمان شہید ہوگئے تھے ان تمام کی نعشوں کی شناخت مکمل ہوچکی ہے اور اب ان کی تدفین کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ پولیس کمشنر مائیک بش نے کہا کہ صرف تھوڑی دیر قبل ہی تمام نعشوں کی شناخت کا عمل مکمل ہوا ہے اور لواحقین کو اس بات کی اطلاع دی گئی ہیکہ وہ تجہیز و تکفین کا عمل شروع کرسکتے ہیں۔ جمعہ کے روز توقع ہیکہ ہزاروں افراد ان دو مساجد میں نماز جمعہ کیلئے آئیں گے۔ نماز کی امامت دو مساجد میں سے ایک مسجد کے امام کریں گے۔ جمعرات کو چھ نعشوں کی تدفین عمل میں آئی تھی جن میں ایک کمسن نوجوان بھی شامل ہے۔ اس موقع پر امام صاحب نے بتایا کہ جمعہ کی نماز میں 3000 تا 4000 افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ان میں سے بیشتر افراد ایسے ہیں جو بیرون ملک سے یہاں آرہے ہیں جن کا مقصد شہیدوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کرنا، انہیں پرسہ دینا اور نماز جنازہ کے علاوہ تجہیز و تکفین میں شرکت کرنا ہے۔ دریں اثناء مسجد النور کے خادمین حملہ کے بعد مسجد کی دیواروں کی مرمت کرنے میں مصروف ہیں جن پر گولیوں کے نشانات اور شہیدوں کے خون کے دھبے ہیں۔ امام صاحب نے مزید کہا کہ مسجد کے ہال میں بچھائے جانے والے قالین کو بھی دفن کردیا جائے گا کیونکہ ان پر ہر طرف خون پھیلا ہوا ہے جو اب خشک ہوچکا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر نیوزی لینڈ حکومت اور عوام کی جانب سے کئے جانے والے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم توقع بھی نہیں کرسکتے تھے کہ حکومت اور عوام ہم پر اس طرح مہربان ہوں گے۔