واشنگٹن۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست نیواڈا ہندوستان کی راجدھانی نئی دہلی میں اپنا ایک دفتر کھولے گی تاکہ ہندوستان میں اپنے ٹریول اور سیاحتی سیکٹر کو فروغ دے سکے۔ نیواڈا کے لیفٹننٹ گورنر تھامس ہچنسن جو دفتر کی لانچنگ کیلئے ہندوستان کے دورہ پر آنے والے ہیں، نے کہا کہ ہندوستان میں سیاحتی دفتر کھولنے سے نیواڈا کے سیاحتی شعبہ کو کافی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ریاست میں ہندوستانی ٹریول مارکیٹ کا 6.5 فیصد تناسب ہے اور ہندوستان سے یہاں کا سفر کرنے والوں کے سفر کرنے کی اہم وجہ یہ ہیکہ کئی ہندوستانی خاندان یہاں آباد ہیں۔ مسٹر ہچنس نے کہا کہ نئی دہلی میں دفتر کھولنے کے بعد 6.5% سے تناسب مزید آگے بڑھ سکتا ہے۔
جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے
عالمی کمیشن کا مطالبہ
اقوام متحدہ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک پیانل کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کونسل کو یمن میں جاری تنازعہ کے تمام فریقوں کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک عالمی کمیشن قائم کرنا چاہئے ۔ امریکی خبررساں ایجنسی ’’اے پی‘‘ نے پیانل کی سالانہ رپورٹ کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ اقوام متحدہ کا یہ پیانل عالمی تنظیم کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں پر نظر رکھتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عرب دنیا کے سب سے غریب ملک کے شہری اس تنازعے میں بہت سی ہلاکت انگیز جنگی حکمت عملی کا شکار ہیں۔ان میں بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بھی شامل ہے۔ سعودی عرب کی سربراہی میں عرب اتحاد نے گزشتہ سال یمن کے شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملوں اور اس کے بعد زمینی کارروائی شروع کی تھی تاکہ دارالحکومت صنعاء سمیت دیگر علاقوں سے ان کا قبضہ ختم کرایا جاسکے اور یمن کی قانونی حکومت کی عمل داری بحال کرائی جاسکے۔ مبصرین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے تنازعہ کی صورت میں داعش اور القاعدہ کی طرز کے شدت پسند گروپوں کو اپنے پر پھیلانے کا موقع مل جائے گا۔