نینسی کا استعفیٰ روابط میں تغیر کا عکاس نہیں :امریکہ

واشنگٹن ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام)سفیر نینسی پاویل کے اچانک استعفیٰ سے امریکہ کے ہندوستان کے ساتھ روابط میں کوئی ردوبدل کا اشارہ نہیں ملتا ہے ، امریکہ نے یہ بات کہی اور ادعا کیا کہ درپردہ ایسی کوئی بڑی وجہ نہیں ہے جو اُن کے استعفیٰ کا موجب بنی ۔اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی نائب ترجمان میری ہاف نے جب نینسی کے اس اعلان کے تعلق سے پوچھا گیا کہ وہ اپنا استعفیٰ صدر براک اوباما کو بھیج چکی ہیں ،اخباری نمائندوں کو بتایا کہ تمام افواہیں اور قیاس آرائی بالکلیہ غلط ہیں ۔ وہ 37 سال بعد سبکدوش ہوکر ماہ مئی کے ختم تک اپنے آبائی مقام ڈیلاوارے کو واپس ہورہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ : ’’ مجھے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں معلوم کہ انھوں نے یہ فیصلہ کیوں کیا ؟لیکن اس کا تعلق ہرگز باہمی رشتہ میں پیش آنے والی تبدیلیوں سے نہیں ہے ۔ یہ باہمی رشتے میں ردوبدل کی عکاسی نہیں کرتا ‘‘ ۔

سری لنکا میں ایل ٹی ٹی ای و ٹامل گروپوں پر امتناع
کولمبو، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام)سری لنکا نے آج ایل ٹی ٹی ای اور 15 دیگر ٹامل گروپوں پر اُن کے مبینہ دہشت گردانہ روابط اور ٹامل باغی تحریک کے احیاء کی کوششوں میں ملوث ہونے کی پاداش میں امتناع عائد کردیا ہے ۔ وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیر روان وانیگا سوریا نے کہا کہ سری لنکا نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1373 کی رو سے ایل ٹی ٹی ای کے بشمول 16تنظیموں کو دہشت گردی کے زمرے میں شامل کرکے پابندی عائد کردی ہے ۔