ماسکو۔4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام )برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمر جونئیر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں لیکن لگتا ہے کہ اب لوگ انہیں کھیل کے بجائے میدان پر انکی ڈرامہ بازی اوراداکاری کو زیادہ پسند کرنے لگے ہیں اور نہ صرف ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے بلکہ انہیں آسکر ایوارڈ دینے کا مطالبہ بھی کیا جارہاہے۔جی ہاں یہ مذاق نہیں بلکہ درحقیقت بیشتر افراد تو نیمر کو 2019 کے آسکر ایوارڈز کے لیے بہترین امیدوار بھی قرار دینے والے ہیں اور یہ فٹبالر کسی بھی میچ میں اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کررہے۔روس میں جاری 2018 کے فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل کے ہر میچ میں نیمر نے اپنے کھیل کے ساتھ فرضی زخمی ہونے کے شاندار ڈرامے کئے ہیں۔سوئٹزر لینڈ کے خلاف تو سوئس ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے نیمرکو کھل کر کھیلنے ہی نہیں دیا اور انہیں مسلسل گھیر کر رکھا گیا اور یہاں وہاں گراتے رہے، جبکہ ریفری کی جانب سے بھی انہیں زیادہ تحفظ نہیں ملا، جس پر بھی سوشل میڈیا پر کافی پرمزاحیہ ٹوئٹس سامنے آئے لیکن نیمرکااصل’’ ڈرامہ ‘‘کوسٹاریکار کیخلاف میچ میں دیکھنے میں آیا، جس میں انہوں نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ کے پاس ایسے گرنے کا شاندار مظاہرہ کیا کہ ریفری نے پینالٹی کک دے دی لیکن نئے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم میں برازیلین کھلاڑی کی چالاکی اورڈرامہ بازی پکڑی گئی اور پینالٹی واپس لے لی گئی۔سربیا کے خلاف میچ میں بھی نیمر کی ایک اور ڈرامہ بازی نے سوشل میڈیا صارفین کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔میچ کے 32 ویں منٹ میں سربیا کے کھلاڑی کی جانب سے نیمر کو روکا گیا تو انہوں نے زمین پر بہت دور تک لکڑھتے ہوئے جانے کا ایسا مظاہرہ کیا کہ سب دنگ رہ گئے اور ریفری بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے کیونکہ نیمرکی جاندار اداکاری پر سربیا کے کھلاڑی کو پیلا کارڈ دکھا دیا گیا تھا۔ایسا ہی کچھ میکسیکو کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ میں بھی دیکھنے میں آیا جب 71 ویں منٹ میںحریف کھلاڑی میگوئل لیون نے نیمر کو سائیڈ لائن کے قریب گرایااور جب نیمر گھاس پر لیٹے ہوئے تھے، میگوئل نے گیند کو اٹھاتے ہوئے اپنا پیر نیمر کے ٹخنے پر رکھ دیا۔یقیناً یہ کوئی اچھا اقدام نہیں تھا لیکن نیمر کے ردعمل نے ڈرامہ کو ایک نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔وہ مچھلی کی طرح ٹرپتے رہے، لیکن وہ اتنی بری طرح کہ 15 منٹ بعد برق رفتاری سے دوڑتے ہوئے برازیل کے دوسرے گول کی راہ ہموار کی، جو کہ یقیناً میجک اسپرے کا ہی جادو ہوگا۔یاررہے کہ برازیل ابھی کم از کم ایک اور میچ کھیلے گی اور ہوسکتا ہے کہ نیمرکی اس طرح کی ’کلاسک‘ ڈرامہ بازی کا مظاہرہ ایک مرتبہ پھر بلجیئم کیخلاف میں بھی دیکھنے کو ملے گا۔یاررہے کہ رواں ورلڈکپ میں اسٹار کھلاڑیوں میں لیونل میسی اور کرسٹیانورونالڈو کے باہر ہونے کے بعد اب تمام شائقین کی نظریں نیمر پر مرکوزہوگئیں ہیں۔