سرکاری دواخانوں کے آئی سی یو کے تمام بستروں کیساتھ ونٹیلیٹرس موجود: وزیر صحت
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے سرکاری دواخانوں میں ونٹیلیٹرس کی کمی سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہاکہ آئی سی یو یونٹس میں ہر بستر کیلئے وینٹیلیٹرس دستیاب ہیں۔ آج یہاں تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران اس مسئلہ پر مسٹر ایم ایس پربھاکر رکن قانون ساز کونسل کانگریس پارٹی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر راجیا ڈپٹی چیف منسٹر نے یہ بات کہی اور بتایا کہ سابق میں بعض غیر معیاری وینٹیلیٹرس کی خریدی عمل میں لائی جاچکی تھی۔ انھوں نے کہاکہ نیلوفر ہاسپٹلس کیلئے 5 وینٹیلیٹرس کی خریدی کی گئی اور اب تک جہاں کہیں بھی نئے وینٹیلیٹرس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی شکایت وصول نہیں ہوئیں۔ ڈاکٹر کے راجیا نے کہاکہ دواخانوں میں بائیو میٹرک انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسٹر ایم ایس پربھاکر نے ضمنی سوالات کرتے ہوئے کہاکہ تمام دواخانوں میں وینٹیلیٹرس کی تعداد میں اضافہ کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا کیونکہ دواخانوں میں وینٹیلیٹرس کی کمی زبردست پائی جاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ناقابل استعمال شدہ وینٹیلیٹرس کی درستگی عمل میں لانے کے اقدامات کئے جائیں۔