نیلوفر ہاسپٹل واقعہ کی کلکٹر کے ذریعہ تحقیقات : وزیر صحت

حیدرآباد 7 فروری (سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے نیلوفر ہاسپٹل واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کلکٹر حیدرآباد کو اندرون ایک ہفتہ تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ وزیر صحت نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دو مرتبہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور تحقیقات کی ذمہ داری کلکٹر حیدرآباد راہول بوجا کو سونپی۔ اِس سے پہلے سہ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے اور وہ بھی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیر صحت نے گاندھی ہاسپٹل میں ایک لڑکی کی موت کو طبعی موت قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کے مختلف اقدامات کی وجہ سے سرکاری دواخانوں پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ غریب عوام کے مفادات کا بہرصورت تحفظ کیا جائے گا۔