حیدرآباد۔/22 اپریل ، (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے نیلوفر ہاسپٹل میں مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیلوفر ہاسپٹل میں بستروں کی تعداد میں اور سہولتوں کی فراہمی میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد سہولتوں کو وسعت دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈائرکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن ریاست تلنگانہ پروفیسر رمیش ریڈی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ نیلوفر ہاسپٹل میں مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنے مزید 300 بستروں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیلوفر ہاسپٹل میں مزید 40 وینٹی لیٹرس فراہم کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں اس ہاسپٹل میں مریضوں کو بہترو موثر طبی سہولتوںکی فراہمی کیلئے 10 کروڑ روپیوں کے مصارف سے عصری طبی آلات کی خریدی کرتے ہوئے فراہم کئے جائیں گے۔ پروفیسر رمیش ریڈی نے بتایا کہ نیلوفر ہاسپٹل میں گزشتہ عرصہ کے دوران بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے باعث مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا جس کے پیش نظر موجودہ ڈاکٹرس اور دیگر اسٹاف کی تعداد ناکافی ثابت ہورہی ہے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیلوفر ہاسپٹل میں مزید 100 ڈاکٹرس اور 300 نرسیس کی تعیناتی عمل میں لانے کی ممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔