نیلوفر ہاسپٹل میں امراض قلب کا خصوصی شعبہ قائم ہوگا

سرکاری دواخانوں میں نو مولود بچوں کے علاج پر توجہ، اسمبلی میں وزیر صحت لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں بچوں کے علاج کے لیے مشہور نیلوفر ہاسپٹل کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ نومولود بچوں میں امراض قلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے نیلوفر ہاسپٹل میں کارڈیاک اسپیشالٹی شعبہ قائم کیا جائے گا۔ وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس ارکان راجیندر ریڈی، چنتاپربھاکر اور دوسروں کے سوال پر لکشما ریڈی نے کہا کہ نیلوفر ہاسپٹل میں عصری آلات فراہم کیے گئے اس کے علاوہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نو مولود بچوں میں مختلف عوارض کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک لاکھ بچوں میں تقریباً 65 ہزار کو علاج کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومولود بچوں میں امراض قلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے نیلوفر ہاسپٹل میں خصوصی شعبہ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ماں اور بچے کی مناسب دیکھ بھال کے سلسلہ میں مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ عوامی سطح پر شعور بیدار کریں اور ماں کے دودھ کی اہمیت سے واقف کرائیں کیوں کہ ماں کا دودھ کئی بیماریوں کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ نومولود بچوں کی نگہداشت کے سلسلہ میں ریاست میں 23 خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 22 کنگارو مدرکیر یونٹس قائم کیے گئے۔ بچوں میں بیماریوں سے روک تھام کے لیے ٹیکہ اندازی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیبی کیر یونٹس کی تعداد میں اضافہ کا منصوبہ ہے۔ 2018-19ء میں 12 نئے بیبی کیر یونٹس، ظہیر آباد، جگتیال، نرمل، منچریال، ورنگل، آصف آباد، گدوال، سوریا پیٹ، ونپرتی، کوتہ گوڑیم، جنگائوں اور میدک میں قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کے رجحان میں اضافہ کے لیے کے سی آر کٹس اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ اس اسکیم کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں اور سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوریز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ رجحان تھا کہ سرکاری دواخانوں میں آپریشن کے ذریعہ ڈیلیوری کی جاتی ہے لیکن اب اس رجحان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ٹی آر ایس ارکان نے سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے اور نومولود بچوں کے علاج کی سہولتوں میں اضافہ کی خواہش کی۔