نیلور : ہجوم نے پولیس اسٹیشن میں گھس کر عملہ کی پٹائی کی

امراوتی 2 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھرا پردیش کے نیلور ضلع میں خواتین کے بشمول کچھ افراد کے ایک گروپ نے پولیس اسٹیشن میں گھس کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں ایک سب انسپکٹر کے بشمول تین پولیس ملازمین زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں پانچ خواتین کے بشمول 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ 30 افراد کے ایک گروپ نے نشہ کی حالت میں راپور پولیس اسٹیشن پر کل رات سنگباری کی ۔ وہ پولیس اسٹیشن میں گھس آئے اور عملہ کو زد و کوب کا نشانہ بنایا ۔ ان کا الزام تھا کہ کچھ پولیس اہلکار علاقہ کے مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ اس ہجوم نے سب انسپکٹر کو پولیس اسٹیشن کے باہر گھسیٹا اور اسے پتھروں سے نشانہ بنایا ۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی ۔