نیلور ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کا چپراسی 100 کروڑ کے اثاثوں کا مالک

نیلور ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں محکمہ انسداد رشوت ستانی نے ضلع ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے ایک چپراسی کے گھر پر دھاوے کرتے ہوئے حیرت انگیز طور پر 100 کروڑ روپئے کے اثاثوں کو بے نقاب کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کے نرسمہا ریڈی گذشتہ 34 سال سے ٹرانسپورٹ اتھاریٹی میں چپراسی کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہا تھا اور کئی موقعوں پر اس نے ترقی حاصل کرنے سے انکار کرتے ہوئے چپراسی کے عہدہ پر برقرار رہنے کے لیے اصرار کیا تھا ۔ جس پر کئی شبہات پیدا ہوگئے تھے ۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی ( اے سی بی ) نے ایک شکایت پر اس کے خلاف خفیہ تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ اس دوران پتہ چلا ہے کہ کے نرسمہا ریڈی جس کی ماہانہ تنخواہ 40,000 ہے اور وہ تقریبا 100 کروڑ روپئے کے اثاثوں کا مالک ہے ۔ اے سی بی حکام نے تمام تفصیلات جمع کرنے کے بعد نرسمہا ریڈی کے گھر اور دیگر ٹھکانوں پر دھاوا کیا ۔ اس دوران اس کے قبضہ میں 2 کیلو سونا ، 7 کیلو چاندی ، ایک کروڑ روپئے مالیتی لائف انشورنس پالیسیاں ، 7.70 لاکھ روپئے نقد ، بینک کھاتے ، متعدد گھروں ، 17 رہائشی پلاٹس اور 50 ایکڑ زرعی اراضی کی موجودگی کا پتہ چلایا اور یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ نیلور ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کا چپراسی نرسمہا ریڈی مجموعی طور پر 100 کروڑ روپئے کے اثاثوں کا مالک ہے ۔۔