نیلسن منڈیلا کی سوانح عمری کا سیکوئیل 2016ء میں

لندن ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے سابق صدر آنجہانی نیلسن منڈیلا کی جانب سے تحریر کئے گئے ان کی یادگار لمحات کے اقتباسات کو ایک کتابی شکل میں دنیا کے چند اہم ممالک میں شائع کیا جائے گا جہاں انہوں نے جنوبی افریقہ کے پہلے جمہوری طور پر منتخبہ صدر کی حیثیت سے اپنے یادگار لمحات کو ضبط تحریر میں لایا ہے۔ دریں اثناء پان میک ملن نے بتایا کہ وہ نیلسن منڈیلا کی سوانح عمری ’’لانگ واک ٹوفریڈم‘‘ کی سیکوئیل بھی شائع کریں گے جس کی اشاعت کیلئے برطانیہ، جنوبی افریقہ، ہندوستان اور آسٹریلیا کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 2016ء میں یہ کتاب منظرعام پر آئے گی جبکہ مجوزہ کتاب کے کینڈین اور امریکی حقوق ہنوز فروخت نہیں ہوئے ہیں۔