نئی دہلی ، 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی اور دیگر کو نوٹس جاری کرکے نیشنل ہیرالڈ سے متعلق بعض دستاویزات طلب کئے ۔ عرضی گزار بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے نیشنل ہیرالڈ کی مالک اسوسی ایٹیڈ جرنلسٹس پرائیوٹ لمیٹیڈ کے نام پر مالی بے ضابطگی کے الزام میں سونیا گاندھی اور راہول کے علاوہ کانگریس پارٹی کے قائدین موتی لال ووہرا،آسکر فرنانڈیز،سمن دوبے ، سام پترودا اور ان کی کمپنی ینگ انڈین پرائیوٹ لمیٹیڈ کے خلاف معاملہ درج کررکھا ہے ۔ ان تمام ملزمین نے سوامی کے الزامات کی تردید کی ہے۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت کیلئے 4 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے جبکہ نوٹس کا جواب دو ہفتے کے اندر دینے کیلئے کہا ہے ۔