نیشنل کانفرنس کامجالس مقامی چناؤ کا بائیکاٹ

سرینگر ۔5 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ریاست میں مجالس مقامی اور پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی تاوقتیکہ مرکز دستور کے آرٹیکل 35-A کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات نہیں کرتا ۔ یہ آرٹیکل کو سپریم کورٹ میں قانونی چیلنج کا سامنا ہورہاہے ۔ صدر پارٹی فاروق عبداللہ نے آج یہاں ایک میٹنگ کے بعد کہاکہ این سی کے کور گروپ نے متفقہ طورپر فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس ان انتخابات میں حصہ نہیں لے گی ، یہاں تک کہ حکومت ہند اور ریاستی حکومت اس ضمن میں اپنے موقف کی وضاحت نہیں کردیتے اور آرٹیکل 35-A کے تحفظ کے لئے عدالتوں کے اندرون و بیرون موثر اقدامات نہیں کئے جاتے ۔ انھوں نے کہاکہ ریاستی نظم و نسق کا شہری مجالس مقامی چناؤ اور پنچایت انتخابات منعقد کرنے کافیصلہ جلدبازی میں کیا گیااور موجودہ صورتحال کو ملحوظ نہیں رکھا گیا جو آرٹیکل 35-A کے ساتھ غیرضروری چھیڑ چھاڑ کی وجہ سے حکام کے اقدامات سے پیدا ہوئی ہے ۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ ہفتہ اعلان کیا تھا کہ ریاست میں مجالس مقامی اور پنچایتوں کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے ۔