وزیراعظم ہند نریندر مودی کو سابق نائب صدر اتھاریٹی ایم ششی دھر ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد 21 ستمبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و سابق نائب صدرنشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی مسٹر ایم ششی دھر ریڈی نے وزیراعظم مسٹر نریندر مودی سے فی الفور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی ازسرنو تشکیل عمل میں لانے کا مطالبہ کیا تاکہ کسی بھی امکانی آفات سماوی، طوفان و سیلاب اور سونامی جیسی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک مکتوب وزیراعظم مودی کو تحریر کرچکے ہیں اور بتایا گیا کہ گزشتہ تقریباً چار ماہ سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی غیر کارکرد ہوکر رہ گئی ہے۔ درحقیقت اتھاریٹی وزیراعظم کی صدارت میں تشکیل دی جاتی ہے۔ وزیراعظم خود اس کے صدرنشین ہوتے ہیں اور نائب صدرنشین کسی سینئر قائد کو منتخب کرکے دیگر ارکان کو بھی نامزد کیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ چند سال سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی مؤثر کارکردگی کے نتیجہ میں ملک کے مختلف مقامات پر طوفان سیلاب بالخصوص آفات سماوی جیسے حالات سے بخوبی نمٹا جاسکا جس کے نتیجہ میں نہ صرف دیگر ریاستوں بلکہ آندھراپردیش میں بھی طوفان سیلاب اور آفات سماوی کے باعث پیش آنے والے واقعات بالخصوص جانی نقصانات کا قبل ازوقت تدارک کیا جاسکا۔ مسٹر ایم ششی دھر ریڈی نے کشمیر کی تباہ کاریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی مؤثر کارکرد ہوتی اور عاجلانہ اقدامات کرتی تو آج کشمیر میں اتنی تباہ کاریاں ہرگز پیش نہ آتیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ کشمیر میں پیش آئے واقعات، اموات و تباہ کاریوں کے انسداد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کا رول بالکلیہ طور پر صفر رہا۔ اُنھوں نے کہاکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کو مزید اختیارات دینے کی شدید ضرورت ہے اور موجودہ اسٹاف کو بھی تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں کیونکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی میں بعض عہدیدار نئی کمیٹی کی تشکیل میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ بحیثیت نائب صدرنشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے عہدہ سے قبل ازوقت ہی استعفیٰ دے دیا اور ان کے ساتھ دیگر ارکان بھی مستعفی ہوگئے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم کی صدارت میں پائی جانے والی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کا وقار متاثر ہوچکا ہے۔ مسٹر ایم ششی دھر ریڈی نے ان تمام حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پھر ایک مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی سے فی الفور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی تشکیل عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔