نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا آج وزیراعظم افتتاح کریں گے

نئی دہلی ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ کل بروز چہارشنبہ نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا افتتاح کریں گے۔ یہ وزارت اقلیتی امور کے تحت نیا سنٹرل پبلک سیکٹر ادارہ ہوگا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گی۔ وقف جائیدادوں کو موثر طور پر فروغ دیتے ہوئے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں اس ادارے کا ایک اہم رول ہوگا۔ سچر کمیٹی کی سفارش پر یہ کارپوریشن قائم کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں اوقافی جائیدادوں کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ اس وقت ملک میں 4.9 لاکھ سے زائد درج رجسٹر اوقافی جائیدادیں ہیں اور ان کے ذریعہ سالانہ 163 کروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے ۔ سچر کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اگر ان اوقافی جائیدادوں کو موثر طور پر فروغ دیا جائے تو کم از کم 10 فیصد ریٹرن کے ذریعہ سالانہ 12 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

نیشنل وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی ذمہ داریوں میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ اوقافی جائیدادوں کیلئے مالی وسائل متحرک کرے اور سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی ترقی کو یقینی بنائے۔ وہ ریاست/ مرکزی زیر انتظام علاقے کے وقف بورڈس اور متولیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ وینچرس کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کو فروغ دے۔ فی الحال وقف بورڈس اور متولیان کے پاس ایسے مالی وسائل نہیں جن کے ذریعہ وہ اوقافی جائیدادوں کو ترقی دے سکتے ہیں، اس کی وجہ سے ان پر ناجائز قبضے ہورہے ہے۔ حکومت نے حال ہی میں وقف (ترمیمی) قانون 2013 ء نافذ کیا ہے جس کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کے انتظام و انصرام کو شفاف بنایا گیا ہے۔ اس قانون کے ذریعہ وقف اراضیات کو اقلیتوں کی بہبود کیلئے استعمال میں لانے اور اسے فروغ دینے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ۔