نیشنل ریپازیٹری کو فروغ دینے حکومت تلنگانہ کا منصوبہ

ہم اسمارٹ ٹکنالوجیز کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کی جانب سے اس ماہ میں 100 اسمارٹ سٹیز پراجکٹ کو شروع کرنے کے پروگرام کے ساتھ حکومت تلنگانہ اسمارٹ ٹکنالوجیز کی ایک نیشنل ریپازیٹری کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ملک میں تمام ریاستوں کی مدد ہو ۔ ایک عہدیدار نے یہاں یہ بات بتائی ۔ حکومت تلنگانہ کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ اس ریپازیٹری میں دنیا میں اپنائی جارہی بہترین اسمارٹ ٹکنالوجیز ہوں گی اور ریاستیں ان کے لیے درکار اور موزوں ٹکنالوجیز کی نشاندہی کرپائیں گی ۔ جیش رنجن ، سکریٹری آئی ٹی ، حکومت تلنگانہ نے کہا کہ ہم ایک نیشنل ریپازیٹری کو فروغ دینے کے خواہاںہیں اور ہم ملک میں اسمارٹ ٹکنالوجیز کو فروغ دینے میں سبقت حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے مختلف اسمارٹ ٹکنالوجیز کی نشاندہی اور ان کے اخراجات کا تخمینہ کرنے کے لیے ایک 12 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ ان کی سفارشات کی اساس پر حکومت پانچ شہروں میں روبعمل لانے کے لیے بہترین ٹکنالوجیز کی نشاندہی کرے گی ۔ حیدرآباد ، ورنگل ، کریم نگر ، نظام آباد اور کھمم تلنگانہ میں پانچ شہر میں جن کی 100 اسمارٹ سٹیز پروگرام کے تحت نشاندہی کی گئی ہے ۔ نیشنل ریپازیٹری کو فروغ دینے کے پہلے قدم میں اسمارٹ ٹکنالوجیز پر ایک نیشنل انکلیو جولائی کے آخری ہفتہ میں حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں 100 اسمارٹ سٹیز کے مئیرس اور میونسپل کمشنرس اور 500 شہروں کے میونسپل کمشنرس ، ماہرین اور ملک بھر سے سرکاری عہدیداروں کو مدعو کیا جائے گا ۔۔