ممبئی 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا کے اس الزام پر کہ ان کے سابق بوائے فرینڈ اور صنعت کار نیس واڈیا نے دست درازی کی۔ آئی پی ایل سی ای او سندر رامن اور وانکھنڈے اسٹیڈیم کے عملہ سے پوچھ گچھ کرے گی۔ پریتی زنٹا نے گزشتہ روز الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ نیس واڈیا نے ان کے ساتھ دست درازی کی، چھیڑ چھاڑ کی۔ گالی گلوج کرتے ہوئے ڈرایا اور دھمکایا ہے۔ نیس واڈیا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں جھوٹے اور بے بنیاد قرار دیا۔ میرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن کے ذرائع نے کہاکہ سی ای او سندر رمن ، آئی پی ایل ٹیم کنگس الیون پنجاب کے کئی کھلاڑیوں اور وانکھڈے اسٹیڈیم کے عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ یہ مبینہ واقعہ جس وقت پیش آیا اُس وقت وہ وہاں موجود تھے، ان کے بیانات کو قلمبند کروایا جائے گا۔ پریتی زنٹا کنگس الیون پنجاب کی شریک مالک ہیں۔ 39 سالہ اداکارہ نے جمعرات کی شب ایک پولیس شکایت درج کروائی کہ 30 مئی کی شب جب آئی پی ایل میاچ کنگس الیون پنجاب اور چینائی سوپر کنگس کے درمیان وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا تھا، 44 سالہ واڈیا نے ان سے دست درازی کی اور گالی گلوج کرتے ہوئے دھمکی دی۔ پریتی زنٹا اور نیس واڈیا کی پانچ سالہ پرانی دوستی چند سال قبل ہی ٹوٹ چکی ہے لیکن یہ دونوں اپنے تجارتی معاملوں میں برابر کے حصہ دار ہیں۔ اس کیس کی تحقیقات کرنے والے ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ ہم آئی پی ایل سی ای او کا بیان ریکارڈ کریں گے کیوں کہ پریتی زنٹا نے کہا ہے کہ واڈیا کے ساتھ بیٹھنے سے انکار کرنے کے بعد واڈیا نے ان سے چھیڑ چھاڑ کی اور جھگڑا بھی کیا۔ آئی پی ایل سی ای او نے مداخلت کرتے ہوئے روکنے کی کوشش کی۔ اس کیس میں کارروائی کرنے میں ’’تاخیر‘‘ کے سوال پر مہاراشٹرا اسٹیٹ ویمنس وائٹس کمیشن نے سٹی پولیس کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہاکہ وہ فوری نیس واڈیا کو گرفتار کرے۔ خواتین کی حقوق کمیشن کی رکن چترا واگھا نے کہاکہ کیس حساس نوعیت کا ہے۔ پولیس کو 24 گھنٹے کے اندر کارروائی کرتے ہوئے واڈیا کو گرفتار کرنا چاہئے۔ ممبئی پولیس نے 39 سالہ اداکارہ کی شکایات آئی پی سی کی دفعات 354 ، 504 ، 506 اور 509 کے تحت کیس درج کیا ہے۔ میرین لائین پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر روکرانے نے بتایا کہ پریتی زنٹا رات 12 بجے اپنے ڈرائیور کے ہمراہ پولیس اسٹیشن آئی تھیں۔ واضح رہے کہ واڈیا نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔ ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا نے کہاکہ کیس درج کیا گیا ہے۔ ہم اس معاملہ سے واقف لوگوں کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج جیسے ثبوت اکٹھا کررہے ہیں۔ واڈیا نے کہاکہ انھیں الزامات کے بارے میں سن کر دھکہ پہونچا ہے جو سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔ کچھ گھنٹوں بعد پریتی زنٹا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ان کے لئے یہ وقت مشکل ترین ہے لہذا میڈیا کو چاہئے کہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ اچھالنے سے گریز کیا جائے۔