نئی دہلی ۔ /7 جون (سیاست ڈاٹ کام) میگی تنازعہ کے پس منظر میں نیسلے کی مشکلات مسلسل بڑھ رہی ہیں اور امکان ہے کہ حکومت غیردیانتدارانہ تجارتی طریقہ کار و گمراہ کن اشتہارات کی بنا کمیٹی کو کنزیومر کورٹ میں گھیسٹ سکتی ہے ۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ امور صارفین نے ہندوستانی صارفین کی جانب سے نیشنل کنزیومر ڈسپیوٹس ایڈریسل کمیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت نقصانات کا ہرجانہ طلب کرے گی انہوں نے کہا اگر کمیشن کی نظر میں نیسلے قصور وار قرار پائے تو وہ جرمانہ بھی عائد کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ہم نے سالیسٹر جنرل سے مشورہ طلب کیا ہے اور اس بنیاد پر کمیشن میں حکومت کی طرف سے پیش ہوں گے ۔ اس دوران سوئس ملٹی نیشنل کمپنی نیسلے نے مارکٹ سے میگی کو واپس لینا شروع کردیا ہے جبکہ کئی ریاستوں میں اس پر امتناع عائد کیا جاچکا ہے ۔ گوا گیارہویں ریاست ہے جس نے آج میگی پر امتناع عائد کیا اور مرکز نے دیگر فاسٹ فوڈ پراڈکٹس کی تحقیقات کا اشارہ دیا ہے ۔