نئی دہلی 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے پی این بی اسکام کے ملزم نیروو مودی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت تازہ چارج شیٹ داخل کی ہے، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ فرد جرم یا استغاثہ کی شکایت ممبئی میں قانون انسداد غیرقانونی رقمی لین دین کی خصوصی عدالت کے روبرو پیش کی گئی ہے۔ یہ ہیروں کے تاجر اور بعض دیگر کے خلاف ضمنی چارج شیٹ ہے اور ایجنسی نے اِس کیس میں بعض اضافی ثبوت جمع کرلئے اور بعض قرقیاں بھی کی گئی ہیں۔ چارج شیٹ کے مواد کے تعلق سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ یہ اقدام دو روز میں ہوا ہے جبکہ ایک برطانوی روزنامہ نے رپورٹ دی کہ 2 بلین امریکی ڈالر والے پنجاب نیشنل بینک اسکام کا ملزم نیروو مودی لندن کے ویسٹ اینڈ میں 8 ملین پاؤنڈ کے پرتعیش اپارٹمنٹ میں مقیم ہے اور اب ہیروں کا نیا کاروبار کررہا ہے۔ ای ڈی نے 9 مارچ کو کہا تھا کہ برطانیہ کے ہوم سکریٹری نے حال ہی میں داغدار بزنسمین کی حوالگی کے لئے ہندوستان کی درخواست ایک عدالت سے رجوع کی ہے تاکہ نیروو مودی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جاسکے۔