نیروبی ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایک مصروف ترین مارکٹ کے قریب دو طاقتور بم حملوں کے نتیجہ میں کم سے کم 10 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے شعبہ کے ذمہ داروں نے کہا ہیکہ پہلا دھماکہ 14 نشستوں پر مشتمل منی بس میں ہوا اور دوسرا مشرقی نیروبی کے وسطی تجارتی ضلع میں واقع ویکمبو مارکٹ میں ہوا۔ کینیائی قومی ہاسپٹل کے ایک ترجمان نے کہا کہ 8 نعشیں ہاسپٹل پہنچائی گئی ہے اور 70 زخمیوں کو علاج کیلئے شریک کیا گیا ہے جن میں کئی کی ہلاکت تشویشناک ہے۔ ہنگامی شعبہ کے ترجمان نے کہا کہ کئی زخمیوں کے جسم سے خون رواں ہے۔ علاج کیلئے کافی خون کی ضرورت ہے۔ چنانچہ شہریوں سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ نیروبی پولیس کے سربراہ بنسن کیبوئے نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ دو بم نشانہ پر پھینکے گئے تھے، ایک سے منی بس کے برخچے اڑ گئے اور ایک کپڑوں کی دکان شعلہ پوش ہوگئی۔