نیتی آیوگ کی شہری سماجی تنظیموں کے ساتھ شراکت

نئی دہلی،2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری پالیسیوں؍ اسکیموں کی موثر عمل آوری میں شہری سماجی تنظیموں (سی ایس او ) کے اہم کردار کو محسوس کرتے ہوئے نیتی آیوگ نے سرکردہ سی ایس او اور مرکزی سرکار کی کلیدی وزارتوں کے ایک مذاکراتی اجلاس کا اہتمام کیا۔ یکم مارچ کو نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں 17 سرکردہ رضاکارتنظیموں اور 15مرکزی وزارتو ں نے مذاکرات میں شرکت کی ، جس کا مقصد سماجی شعبے میں سرکارکے اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔ تعلیم، صحت، بزرگوں کی دیکھ بھال ،خواتین کو بااختیار بنائے جانے ،دیہی ترقیات اور دستکاری صنعت کے شعبے میں کام کرنے والی ملک بھر کی رضاکار تنظیموں نے اس موقع پر مرکزی وزارت برائے دیہی ترقیات ، مرکز ی وزارت برائے ترقی خواتین واطفال ، ایف ایس ایس اے آئی ،اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔