نیتن یاہو کی اسرائیل کو قانونی طور پر یہودی مملکت قرار دینے کی خواہش

تل ابیب ، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسا نیا قانون منظور کرانا چاہیں گے، جس کے تحت اسرائیل کو باقاعدہ طور پر یہودی مملکت قرار دیا جا سکے۔ نیتن یاہو نے جمعرات کو یہاں اپنے ایک خطاب میں کہا کہ وہ ایسے ’بنیادی قانون‘ کے حامی ہیں جس کے تحت اسرائیل کو یہودی قوم کی مملکت قرار دیا جاسکے۔ ایسا کوئی بھی ممکنہ اقدام حتمی قیام امن کے سلسلے میں فلسطینیوں کی خواہشات کے منافی ہو گا جو اسرائیل کو یہودی مملکت تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہیں۔ اس کی وجہ اسرائیل کی اس عرب اقلیت کے حقوق کا تحفظ ہے، جس کا ملکی آبادی میں تناسب 20 فیصد بنتا ہے۔ اسرائیل کے عرب سیاستدانوں کے بقول اس ملک کو یہودی مملکت قرار دینا نسل پرستانہ اقدام ہو گا۔