نئی دہلی 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ کے صدر نشین مکیش امبانی کو زیڈ پلس سکیوریٹی فراہم کرنے کے بعد حکومت نے اب ان کی شریک حیات نیتا امبانی کو وائی زمرہ کی سکیوریٹی فراہم کی ہے جو مسلح سی آر پی ایف کمانڈوز پر مشتمل ہوگی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ نیتا کو حال ہی میںمکمل وائی سکیوریٹی فراہم کی گئی ہے جو دس مسلح افراد پر مشتمل ہوگی اور نیتا امبانی جہاں کہیںجائیں گی یہ ان کے ساتھ ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے خطرہ کا جائزہ لینے والی رپورٹ کی بنیاد پر سکیوریٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ وزارت داخلہ نے سکیوریٹی فراہمی کو منظوری دیدی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ چونکہ مکیش امبانی کو سی آر پی ایف سکیوریٹی ہے اسی لئے نیتا امبانی کو بھی اسی فورس سے سکیوریٹی دی جا رہی ہے ۔