نیتاجی سے متعلق راز کی دو فائلیں جاپان منظرعام پر لائے گا

نئی دہلی ، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیتاجی سبھاش چندر بوس سے متعلق راز کی دو اہم فائلیںجاپان اِس سال کے اواخر تک منظرعام پر لائے گا، لیکن اُس ملک نے اپنی تحویل میں موجود اس طرح کی مزید تین فائلوں کی بابت کچھ تیقن نہیں دیا ہے، حکومت نے آج یہ بات کہی۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے لوک سبھا کو بتایا کہ یہ پانچ فائلیں جو جاپان کے پاس ہیں، نیتاجی کے بارے میں اسرار کے پردے ہٹانے میں ’’کلیدی‘‘ ہوسکتے ہیں۔ کرن نے وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ جاپان نے ہمیں واقف کرایا ہے کہ وہ پانچ فائلوں میں سے دو کو اِس سال کے ختم تک راز کے زمرے سے ہٹا دیں گے مگر بقیہ تین فائلوں پر کوئی وعدہ نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن ہم پُرامید ہیں کہ وہ بقیہ تین فائلیں بھی جاری کریں گے۔ رجیجو نے کہا کہ نیتاجی سے متعلق دو فائلیں جو دفتر وزیراعظم (پی ایم او) اور وزارت امورِ داخلہ کے پاس تھے، بدستور لاپتہ ہیں اور اُن کا پتہ چلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ رجیجو نے کہا کہ ہندوستان نے متعدد ممالک بشمول روس، امریکہ، برطانیہ، جرمنی سے رابطہ کیا تاکہ نیتاجی سے متعلق دستاویزات دستیاب ہوں تو حاصل کئے جائیں، اور ان ملکوں نے حکومت ہند کی درخواستوں کا جواب دیا ہے۔