نہرو پر انٹرنیشنل کانفرنس، مودی مدعو نہیں

نئی دہلی 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے جواہرلال نہرو کی 125 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد شدنی بین الاقوامی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی کو مدعو نہیں کیا ہے۔ اِس دو روزہ کانفرنس میں ملک کے پہلے وزیراعظم کے کارناموں کو اُجاگر کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس 17 اور 18 نومبر کو منعقد ہورہی ہے جس میں کئی بین الاقوامی قائدین اور ہندوستان و بیرونی ممالک کی مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ نمائندے شرکت کریں گے۔ کانگریس ترجمان آنند شرما نے مودی کو مدعو کئے جانے کے بارے میں میڈیا کے سوالات کی بوچھار کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے وزیراعظم کو مدعو نہیں کیا ہے۔ ہم نے اُن تمام کو دعوت دی جو جمہوریت اور نہرو کے نظریات پر حقیقی یقین رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ نریندر مودی پر تحریک آزادی کے قائدین کی ساکھ کو متاثر کرنے کا الزام ہے۔ دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ کانگریس نے نہرو کے بارے میں بی جے پی کے پہلے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے ریمارکس کو اُس ویب سائٹ پر نمایاں کیا ہے جو خاص طور پر اِس کانفرنس کے سلسلہ میں تیار کی گئی ہے۔ آنند شرما نے اِس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے اٹل بہاری واجپائی کے موقف کی تائید کی ہے۔ اِسی طرح ہم اُن تمام کو تسلیم کریں گے جنھوں نے کوئی بامقصد بات کہی ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ بحیثیت سیاسی جماعت ہمیں یہ فیصلہ کرنے کی آزادی ہے کہ نہرو کے نظریات سے اتفاق رکھنے والوں کو ہی مدعو کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ کانگریس اِس پروگرام میں بی جے پی اور اُس کی حلیف جماعتوں کے کسی لیڈر کو مدعو نہیں کرے گی۔