دفتر سیاست میں سوسائٹی کے انتخابات ، ڈاکٹر شوکت علی مرزا صدر اور تقی عسکری ولا جنرل سکریٹری منتخب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : نہج البلاغہ سوسائٹی کی ماضی میں ایک سنہری تاریخ ہے ۔ سابق صدر آغا حسین ضابط اور جنرل سکریٹری جناب کرار کاظمی کی رحلت کے بعد کارکردگی متاثر ہوئی تھی چنانچہ حال میں سوسائٹی کے احیاء عمل میں آیا ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا کی زیر سرکردگی حضرت علی کے خطبات و نگارشات جس میں اخلاقی ، تمدنی ، نفسیاتی اور معاشرتی اصول ، حرب و ضرب کے ضوابط اور مکمل جامع دستور حیات شامل ہیں کو عام فہم بنانے کا عزم ہے ۔ سوسائٹی کا ایک مرکزی اجلاس جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی ہدایت پر آج شام ڈاکٹر شوکت علی مرزا کی زیر صدارت دفتر سیاست میں منعقد ہوا ۔ جس میں سوسائٹی کے لیے انتخابات عمل میں آئے ۔ سوسائٹی کے اغراض و مقاصد سے جناب زاہد علی خاں نے حوصلہ افزائی کی ۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر شوکت علی مرزا ، صدر ، جناب تقی عسکری ولا ، جنرل سکریٹری اور جناب مجاہد حسین خازن کا انتخاب عمل میں آیا ۔ اس کے علاوہ 5 رکنی مجلس عاملہ میں کرنل اختر علی زیدی ، جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ، مولانا آغا مجاہد حسین ، نواب عباس علی خاں شامل ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ حیدرآباد میں بلا لحاظ مذہب و ملت حضرت علی کے عقیدت مند کثیر تعداد میں موجود ہیں اس لیے حیدرآباد میں حضرت علی سے موسوم ایک عالی شان عمارت تعمیر کرنا چاہئے ۔ صدر سوسائٹی نے علامہ سید رضی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ نے بڑی و کاوش ، تحقیق و جستجو سے ان جواہر ریزوں کو یکجا کر کے نہج البلاغہ کے نام سے موسوم کیا ۔ سوسائٹی اس بلاغت کلام کو ہمہ گیر بنانے کی مساعی کا عزم رکھتی ہے ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے اعلان کیا کہ پورے ہندوستان میں کل ہند نہج البلاغہ سوسائٹی کی شاخیں قائم کی جائیں گی ۔ جس پر ممبرس نے ڈاکٹر شوکت علی مرزا کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ جنرل سکریٹری جناب تقی عسکری ولا نے شکریہ ادا کیا ۔۔