نگین جھیل میں کشتی الٹنے سے 2 افراد غرق آب

سری نگر ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع نگین جھیل میں ایک کشتی الٹ جانے سے دو افراد ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کشتی ڈوبنے کا یہ واقعہ منگل کی شام اُس وقت پیش آیا جب وادی کے بیشتر حصوں میں تیز آندھی چل رہی تھی۔مہلوکین کی شناخت عمر احمد ساکنہ الٰہی باغ اور سجاد احمد بٹ ساکنہ حافظ باغ کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگل کی شام تیز آندھی کے دوران نگین جھیل میں ایک کشتی جس میں پانچ افراد سوار تھے ، ڈوب گئی۔ انہوں نے بتایاکہ جہاں تین افراد تیر کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے وہیں کشتی میں سوار دیگر دو افراد ڈوب کر لاپتہ ہوگئے ۔ انہوں نے مزید بتایا ‘لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کی کوششیں گذشتہ شام ہی شروع کی گئیں۔ ریاستی پولیس اور دیگر محکموں کی بچاؤ ٹیمیں کام میں لگی ہوئی تھیں۔ دونوں لاپتہ نوجوانوں کی لاشیں جھیل سے نکالی گئی ہیں’۔ جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا تھا ‘نگین میں ایک شکارا (کشتی)الٹ گئی ہے ۔ دو افراد کو بچالیا گیا ہے ۔